اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کے لیے ایک جیل بن چکا ہے اور بھارتی بربریت کے خلاف عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کے گزشتہ تین برسوں کے دوران بھارت میں 150 سے زائد چرچ نذر آتش کیے گئے جبکہ 100 سے زائد مساجد کو شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں بھی ایک بھارتی شہری کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر منظم مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے مسلم امہ سے اپیل کی کہ وہ بھارتی بربریت کی بھرپور مذمت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔





