بھتہ خوری کی لعنت ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، شہریوں سے کروڑوں روپے مانگے جا رہے ہیں، فاروق ستار

0
353

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بھتہ خوری کی لعنت ایک بار پھر ڈھٹائی کے ساتھ سر اٹھا رہی ہے اور کراچی میں شہریوں اور تاجروں سے کروڑوں روپے کا بھتہ طلب کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تاجروں اور بلڈرز کو بیرونِ ملک نمبرز سے کالز اور بھتہ کی پرچیاں موصول ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر اور بلڈرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کو 60 فیصد محاصل فراہم کرتا ہے، مگر اس کے باوجود شہر کے حالات ناگفتہ بہ ہیں۔ جگہ جگہ پانی کا بحران ہے، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور پانی کی فراہمی ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اس سنگین صورتحال پر ریاستی اداروں کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے، سندھ کے وزیراعلیٰ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آباد کے چیئرمین نے بھی درد ناک لہجے میں پریس کانفرنس کر کے بھتہ خوری کے جرم کا انکشاف کیا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما کے مطابق اب تک 10 کے قریب بلڈرز نے باضابطہ شکایات درج کرائی ہیں جبکہ 40 سے زائد بلڈرز بھتے سے متعلق شکایات کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلڈرز کے دفاتر پر فائرنگ کے واقعات بھی شروع ہو چکے ہیں اور بھتہ خوروں کے پاس بلڈرز کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد امن و امان کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے اور سندھ حکومت کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا