پی آئی اے کی شفاف نجکاری، حکومت کو 55 ارب روپے حاصل ہوں گے، مشیر نجکاری کمیشن

0
570

اسلام آباد: مشیر نجکاری کمیشن محمد علی نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے حالیہ عمل میں شفافیت، قومی مفاد اور کمپنی کی بہتری کو اولین ترجیح دی ہے۔ نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

محمد علی نے بتایا کہ اس ٹرانزیکشن میں حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ ایک جانب بہتر قیمت حاصل کی جائے اور دوسری جانب یہ یقینی بنایا جائے کہ نیا خریدار کمپنی میں سرمایہ کاری کرے۔ حکومت کے سامنے دو بنیادی اہداف تھے، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانزیکشن کی سٹرکچرنگ کی گئی۔

معاہدے کے تحت حکومت کو براہِ راست 55 ارب روپے حاصل ہوں گے، جبکہ کمپنی کے اثاثوں کی مالیت 45 ارب روپے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ 125 ارب روپے کمپنی میں براہِ راست سرمایہ کاری کی صورت میں لگائے جائیں گے، یوں مجموعی طور پر پی آئی اے کی ویلیوایشن 180 ارب روپے بنتی ہے۔

مشیر نجکاری کمیشن نے نجکاری کمیشن کی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے غیر معمولی محنت کی اور مکمل تعاون فراہم کیا، جس کی بدولت حکومت کو یقین ہے کہ اس معاملے پر کسی قسم کی الجھن یا پریشانی نہیں ہوگی۔

انہوں نے میڈیا کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ میڈیا نے پورے عمل میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اور حکومت کو بھرپور سپورٹ فراہم کی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری شفاف انداز میں ہوئی اور یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نجکاری کے عمل کو براہِ راست دکھایا گیا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ماضی میں متعدد بار قومی ایئر لائن کی نجکاری کی کوششیں ناکام ہوئیں، تاہم موجودہ عمل میں مفتاح اسماعیل اور دیگر متعلقہ حکام کے کردار کی بدولت یہ عمل مکمل ہو سکا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا