راولپنڈی پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک روز قبل گوجرخان میں بزرگ خاتون سے بالیاں اور پرس چھیننے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
سی پی او راولپنڈی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ ناکہ بندی کے دوران موٹرسائیکل پر سوار ملزم نے پولیس پر فائرنگ کی، لیکن فائر اس کے اپنے ہاتھ پر لگ گیا۔
گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے ایک روز قبل تھانہ گوجرخان کے علاقے میں بزرگ خاتون سے پرس چھینا اور ان کی بالیاں بھی نوچیں تھیں۔
ملزم سے چھینے گئے طلائی کانٹے، نقدی 20 ہزار روپے، مسروقہ موٹرسائیکل اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سی پی او کی ہدایت پر اے ایس پی گوجرخان اور ایس ایچ او گوجرخان نے بزرگ خاتون کے گھر جا کر ان کی چھینی گئی اشیا اور نقدی واپس کی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے ملزم کی گرفتاری، ریکوری اور ٹیم کی کارکردگی پر ایس پی صدر، ایس ڈی پی او گوجرخان، ایس ایچ او گوجرخان اور ٹیم کو شاباش دی۔





