پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں ایک جامع بحری مشق کا انعقاد کیا، جس کے دوران ایل وائے 80 این ایئر ڈیفنس میزائل کے ذریعے فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں جدید اور بغیر پائلٹ نظاموں کے ذریعے پاک بحریہ کی اعلیٰ جنگی تیاریوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ایل وائے 80 این میزائل نے طویل فاصلے پر موجود فضائی ہدف کو کامیابی سے تباہ کیا۔
مشق کے دوران لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحی اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جبکہ بغیر پائلٹ سطحی جہاز (یو ایس وی) کے کامیاب اوپن سی ٹرائلز مکمل کیے گئے۔ یو ایس وی نے تیز رفتاری، اعلیٰ کنٹرول اور سخت موسمی حالات میں اپنی شاندار کارکردگی ثابت کی۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ نے بحری مشق کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ہر صورت ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔






