لندن میں ایرانی سفارت خانے کے باہر ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف پرتشدد ہنگامہ آرائی، ایمرجنسی اہلکار پر حملہ، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور سفارتی احاطے میں غیر قانونی داخلے کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
احتجاج کے دوران سفارت خانے کی چھت پر نصب ایرانی پرچم اتارنے والے ایک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا، جس کے خلاف مجرمانہ نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے احتجاج کے دوران پولیس پر مختلف اشیاء پھینکیں، جس کے نتیجے میں چار اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔
پولیس کے مطابق مظاہرین نے ایرانی پرچم اتارنے والے شخص کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے کی بھی کوشش کی، جس کے بعد صورتحال کو قابو میں رکھنے اور مزید بدامنی روکنے کے لیے سفارت خانے کے باہر سیکشن 35 کے تحت منتشر ہونے کا حکم نافذ کر دیا گیا۔






