پاک چین تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں، ستمبر میں دوبارہ چین کا دورہ کروں گا: محسن نقوی

0
351

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ پاکستان کے باہمی تعلقات مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں اور وہ ستمبر میں دوبارہ چین کا دورہ کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ سے چین کے قونصل جنرل ژاو شیرین نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے ژاو شیرین کی بطور چینی قونصل جنرل خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چینی قونصل جنرل ژاو شیرین نے کہا کہ سب محسن نقوی کی غیر معمولی رفتار اور کارکردگی کے معترف ہیں، اور پاک چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کا کردار قابلِ تحسین رہا ہے۔

ژاو شیرین نے کہا کہ پہلے وزیراعلیٰ پنجاب اور اب وفاقی وزیر داخلہ کی حیثیت سے محسن نقوی نے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو انتہائی خوشگوار قرار دیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ژاو شیرین سے ان کا بھائیوں جیسا تعلق ہے جو آئندہ بھی برقرار رہے گا، اور لاہور میں ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چینی وزیر پبلک سکیورٹی وانگ ژاو ہونگ سے ساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات انتہائی خوشگوار اور سود مند رہی، جس میں مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ستمبر میں دوبارہ چین کا دورہ کریں گے اور اپنے بھائی سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل کو کھلاڑیوں کے دستخط شدہ بیٹ کا تحفہ دیا، جبکہ ژاو شیرین نے محسن نقوی کو چینی صدر شی جن پنگ کی کتاب بطور تحفہ پیش کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا