اسلام آباد(طلوع نیوز)وزیرِ اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سینیٹ سیلری بل پر حیرانی ہوئی، ایسی مراعات صدر اور وزیرِ اعظم کو بھی حاصل نہیں، گملوں میں اگائی گئیں جماعتیں پائیدار اور فائدہ مند نہیں ہوتی ہیں،عوام نے پیپلزپارٹی،ن لیگ ،پی ٹی آئی کی حکومتیں دیکھ لیں،ووٹ دینے کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔
نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں، بجٹ پر مسئلہ تھا وہ حل ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعتیں کوئی ضم نہیں ہوئیں، الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، گملوں میں اگائی گئیں جماعتیں پائیدار اور فائدہ مند نہیں ہوتی ہیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عوام نے پیپلز پارٹی کی حکومت بھی دیکھی، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بھی، اب فیصلہ عوام کا ہے کہ وہ کس جماعت کو ووٹ دیتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہمارا واضح مؤقف ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، ن لیگ کا بھی مؤقف ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئین میں کسی غیرمعمولی صورتحال میں الیکشن میں تاخیر کے راستے رکھے گئے ہیں، اس وقت پاکستان میں ایسی کوئی صورتحال نہیں الیکشن وقت پر ہونا چاہیے۔وزیرِ اعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت کسی ایک جماعت کی تو ہے نہیں اس سے کیا لمبا چوڑا گلہ کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں نے دستاویزات نہیں پڑھیں لیکن میڈیا کے ذریعے سنی ضرور ہیں ،سینیٹ سیلری بل پر حیرانی ہوئی، ایسی مراعات صدر، وزیرِ اعظم کو بھی حاصل نہیں،لیکن میرا نہیں خیال کہ اتنی مراعات چیئرمین سینٹ کو دی جاسکتی ہیں ۔






