کینیڈا میں اسکول فائرنگ: 9 افراد ہلاک، حملہ آور 18 برس کی لڑکی نکل آئی

0
477

کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے قصبے ٹمبلر رج میں اسکول فائرنگ کے ہولناک واقعے میں 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے 18 سالہ خاتون کو واقعے کی مرکزی ملزمہ قرار دیا ہے، جس نے بعد ازاں خودکشی کر لی۔

حکام کے مطابق ملزمہ نے اسکول پر حملے سے قبل اپنی والدہ اور سوتیلے بھائی کو گھر میں قتل کیا اور پھر اسکول میں فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کی شناخت جیسی وان روٹسیلار کے نام سے ہوئی ہے اور وہ ماضی میں ذہنی صحت کے مسائل کا شکار رہی تھی۔ صوبائی مینٹل ہیلتھ ایکٹ کے تحت مختلف اوقات میں اس کا طبی معائنہ بھی کیا گیا تھا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 10 بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے کم کر کے 9 کر دیا گیا، جن میں ملزمہ بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک استاد اور پانچ طلبہ شامل ہیں، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنا یورپ کا دورہ ملتوی کر دیا۔ سرکاری عمارتوں پر سات روز تک قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اکیلے یہ کارروائی کی اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ کینیڈا میں اسکول فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں، تاہم یہ حملہ ملکی تاریخ کے مہلک ترین واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا