کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو سیڈا ملازمین کو مستقل نہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر عدالت نے سیکریٹری سیڈا خرم شہزاد اور ایم ڈی پریتم داس کو حراست میں لینے کی ہدایت جاری کر دی۔ عدالتی حکم کے فوری بعد پولیس نے دونوں افسران کو کمرہ عدالت میں حراست میں لے لیا۔
درخواست گزار کے وکیل عاقل اعوان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پانچ سال قبل عدالت نے سیڈا کے 27 افسران کو مستقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان کے مطابق یہ افسران سن 2000 سے گریڈ 17 اور 18 میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم عدالتی فیصلے کے باوجود انہیں تاحال مستقل نہیں کیا گیا۔
سماعت کے دوران دونوں افسران عدالت کو تسلی بخش جواب دینے اور ملازمین کو مستقل نہ کرنے کی وجوہات بیان کرنے میں ناکام رہے، جس پر عدالت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لینے کا حکم دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ کیس کی مزید کارروائی جاری ہے۔





