بیجنگ سے رپورٹ کے مطابق چین کے شہر مکاؤ میں ایک انسان نما روبوٹ کو معمر خاتون کو ڈرانے کے واقعے کے بعد پولیس نے حراست میں لے لیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ 4 فٹ 4 انچ لمبا روبوٹ ایک سڑک پر چل رہی 70 سالہ خاتون کے قریب آیا، جس سے خاتون خوفزدہ ہو گئی اور چیخنے لگی۔ وہاں موجود افراد نے اس واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی، جس میں خاتون نے روبوٹ سے کہا: “تم نے مجھے ڈرا دیا، دل تیزی سے دھڑک رہا ہے۔”
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون فون دیکھتے ہوئے چل رہی تھیں جب انہیں محسوس ہوا کہ کوئی بہت قریب موجود ہے۔ جب وہ پلٹی تو روبوٹ نے اپنے دونوں ہاتھ اوپر کیے جیسے اسے ڈانٹ رہا ہو۔
دو پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور روبوٹ کو اپنے ساتھ لے گئے۔ اگرچہ روبوٹ نے کوئی حملہ نہیں کیا، لیکن خاتون کو بعد ازاں اسپتال لے جایا گیا اور معائنہ کے بعد گھر پہنچا دیا گیا۔
مزید معلومات کے مطابق یہ روبوٹ مکاؤ کے ایک تعلیمی مرکز کا تھا اور وہاں پروموشنل سرگرمیوں میں مصروف تھا۔ روبوٹ کو ایک 50 سالہ شخص دور سے کنٹرول کر رہا تھا، جس نے پولیس کو بتایا کہ وہ روبوٹ کے افعال کی جانچ کر رہا تھا۔





