اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے مسلم امہ کو آپس میں دست و گریباں کرنے کا امریکی و اسرائیلی منصوبہ ہیں۔
جمعیت علماء اسلام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور سالمیت کی سنگین خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر سعودی قیادت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابتدا ہی سے امریکی پشت پناہی میں اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں کی مخالفت کی ہے، اور اسرائیل کے عرب دنیا اور ایران تک توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف بھی آواز اٹھائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کو باہمی تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اسرائیل کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنانا ہوگا۔ ان کے مطابق وقت آ گیا ہے کہ اسلامی ممالک ایک مضبوط اسلامی بلاک کی تشکیل کی طرف پیش قدمی کریں۔






