وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے میں جاری کشیدگی اور حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے الجبیل آئل فسیلیٹی پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اسی طرح کھڑا ہے جیسے سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے موجودہ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کے تحمل اور دانشمندی کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے، اور ان کاوشوں سے سعودی ولی عہد کو بھی آگاہ کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔





