چین کے صدر شی جن پنگ نے واضح کیا ہے کہ تائیوان کی آزادی کو نہ کبھی قبول کیا جائے گا اور نہ ہی اسے برداشت کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ میں تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن سے ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات مکمل طور پر پُرامن نہیں، اور امن انتہائی قیمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف رہنے والے لوگ چینی ہیں اور سب امن کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب خاندان میں ہم آہنگی ہوتی ہے تو خوشحالی آتی ہے، تاہم تائیوان کی آزادی آبنائے تائیوان میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
شی جن پنگ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ چین تائیوان کی آزادی کو کسی صورت برداشت یا معاف نہیں کرے گا۔
اس موقع پر تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن نے کہا کہ دونوں جانب کو مل کر ایک جدید چینی معاشرہ تعمیر کرنا چاہیے۔





