دنیا امن کیلئے پاکستان کا رخ کر رہی ہے: مولانا فضل الرحمان

0
524

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عالمی معاملات کو سلجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آج دنیا کے ممالک ہماری سرزمین پر بیٹھ کر امن کی کوششیں کر رہے ہیں۔

مردان میں دستورِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں جو کردار ادا کیا ہے، وہ دیرینہ خواہش تھی اور اب ہماری جدوجہد رنگ لے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کو اسی مقام پر دیکھنا چاہتے تھے۔

انہوں نے اسرائیل کو عرب سرزمین پر ایک ناجائز ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی برسوں سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی لچک دکھائی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کا ایران تک پہنچ جانا دراصل پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، تاہم پاکستان کے عوام اور امت مسلمہ کسی بھی گٹھ جوڑ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے ملکی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی قیادتیں دباؤ میں آ سکتی ہیں، مگر جے یو آئی کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کے ذریعے قائم کی گئی ہے، جسے وہ تسلیم نہیں کرتے اور نہ ہی اس کی پیروی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح جعلی نوٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، اسی طرح ایک غیر نمائندہ حکومت بھی عوام میں مقبولیت حاصل نہیں کر سکتی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا