اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے، جہاں وہ اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم آئندہ 48 گھنٹوں میں ریاض روانہ ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی قیادت کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات کے تناظر میں یہ دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالی تعاون سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی سعودی عرب جائیں گے، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکا سے واپسی کی صورت میں ان کی بھی وفد میں شمولیت متوقع ہے۔






