اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایک سال قبل معرکہ حق میں پاکستان نے اللہ کے فضل سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی، جبکہ دنیا نے اس جنگ میں پاکستان کی مجموعی طاقت کا صرف 10 سے 15 فیصد حصہ دیکھا۔
پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں مسلح افواج قوم کی امنگوں پر پورا اتریں اور پاکستان نے ملٹی ڈومین وار میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگانے کی کوشش کی، تاہم حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود دہشتگردی میں ملوث ہے اور دنیا اب بھارتی بیانیے کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہوچکا لیکن پاکستان کے اٹھائے گئے سوالات اب بھی جواب طلب ہیں۔ بھارت یہ بتائے کہ اس نے کن دہشتگرد کیمپوں کو نشانہ بنایا اور واقعے کے صرف 15 منٹ بعد ایف آئی آر کیسے درج ہوگئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے سیاستدان سیاستدان کم اور جنگجو زیادہ دکھائی دیتے ہیں، تاہم پاکستان ہر قسم کی روایتی اور غیر روایتی جنگ کیلئے مکمل تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور پاکستان کی سلامتی و دفاع کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ 14 اگست کو ہونے والی عظیم الشان پریڈ میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی ایک جھلک قوم کو دکھائی جائے گی۔






