بلوچستان کے ضلع بارکھان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 اہلکار شہید جبکہ 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان کے دستوں نے بارکھان کے علاقے نوشم میں کلیئرنس آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید جھڑپ میں پاک فوج کے ایک فیلڈ آفیسر سمیت 5 بہادر سپوت شہید ہوگئے، شہداء میں میجر توصیف احمد بھٹی بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد تنظیم کے خاتمے کے لیے کیا گیا اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے گروہ کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔






