اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مذکورہ عرصے کے دوران آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کے باعث مقامی سطح پر فلیش فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
الرٹ کے مطابق چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ بھی خطرے سے دوچار علاقوں میں شامل ہیں۔
گلگت بلتستان میں گپس، یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی انتباہ جاری کیا ہے۔ قراقرم ہائی وے، جگلوٹ-اسکردو روڈ، عطا آباد ٹنل، شمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان میں پہاڑی تودے گرنے اور سڑکوں کی عارضی بندش کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی ٹیمیں اور مشینری تیار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔





