پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کے پانچویں وزیراعلیٰ بن گئے

0
289

پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عمران ندیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں امجد حسین ایڈووکیٹ کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جبکہ ایوان میں موجود تمام ارکان نے ان کی حمایت کی۔

امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کے پانچویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ وہ حالیہ انتخابات میں جی بی اے-1 گلگت سے کامیاب ہوئے تھے اور اس وقت پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں۔

سیاسی کیریئر کے دوران امجد حسین ایڈووکیٹ 2010 سے 2015 تک گلگت بلتستان کونسل کے رکن رہ چکے ہیں، جبکہ 2020 کے انتخابات میں انہوں نے دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

نومنتخب وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

دریں اثنا، پیپلز پارٹی کے عمران ندیم بلامقابلہ اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمان ایڈووکیٹ بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو چکے ہیں۔

ادھر اپوزیشن اراکین کی درخواست پر اسپیکر عمران ندیم نے مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمان کو اپوزیشن لیڈر قرار دے دیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا