یورپ کے مختلف ممالک اس وقت شدید اور غیرمعمولی گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اسپین میں ہیٹ ویو کے باعث گزشتہ چار روز کے دوران 200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
فرانس میں بھی شدید گرمی کے باعث 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فرانسیسی حکام کے مطابق ملک میں گزشتہ 80 برس کے دوران پہلی مرتبہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔
اٹلی میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گرمی سے متعلق واقعات میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب برطانیہ میں لندن اور جنوب مشرقی انگلینڈ کے لیے شدید گرمی کی ریڈ وارننگ میں مزید ایک روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لندن میں درجہ حرارت 30 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شدید گرمی کے باعث اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ رائل کالج آف فزیشنز نے خبردار کیا ہے کہ بلند درجہ حرارت اسپتالوں میں استعمال ہونے والی مشینری اور طبی آلات کی کارکردگی کو بھی متاثر کر رہا ہے۔






