امریکا میں گوگل، مائیکروسافٹ، یوٹیوب اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں 14 سال تک خدمات انجام دینے والے آئی ٹی ماہر صلاح الدین عبدالکافی نے لاکھوں ڈالر سالانہ تنخواہ والی ملازمت چھوڑ کر حلال باربی کیو ریسٹورنٹ قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 35 سالہ صلاح الدین عبدالکافی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ملازمت سے سالانہ تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر کماتے تھے، تاہم انہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس میں “کافی باربی کیو” کے نام سے ریسٹورنٹ کھولنے کا فیصلہ کیا۔
صلاح الدین عبدالکافی کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ ٹیکنالوجی کی صنعت سے مایوس ہو گئے تھے اور محسوس کرتے تھے کہ ان کا کام لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے بجائے صرف منافع کمانے تک محدود ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کے آغاز پر پہلے ہی دن تمام باربی کیو فروخت ہو گیا، جس کے بعد فوری طور پر مزید کھانا تیار کرنا پڑا۔
صلاح الدین عبدالکافی کے مطابق ان کا ریسٹورنٹ تیزی سے مقبول ہوا اور گزشتہ سال تقریباً 2.3 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کی، جبکہ رواں سال کاروبار سے 4 ملین ڈالر آمدن کی توقع ہے۔






