سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان نے جو کردار ادا کیا، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یومِ عاشور ایسے وقت میں آیا ہے جب خطے میں جنگ کی صورتحال رہی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد تازہ کر دی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس تنازع میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا اور فریقین کے درمیان مفاہمت کی کوششوں کے باعث امت مسلمہ کے سامنے سرخرو ہوا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دعا ہے لبنان کے عوام اسرائیلی مظالم سے نجات حاصل کریں، جبکہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے، اللہ تعالیٰ انہیں امن، آزادی اور استحکام عطا فرمائے۔






