ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشتگردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 7 پولیس اہلکار شہید جبکہ 22 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) طارق حبیب کے مطابق دہشتگردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ حملے میں ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 7 اہلکار شہید ہوئے، جبکہ ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 22 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور حملے میں ملوث عناصر کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔





