ووٹ پر ڈاکا قبول نہیں، کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے،بلاول بھٹو کا دھاندلی کا الزام

0
432

مظفرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی کو اپنے ووٹ اور جمہوری حق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے، کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری کریں گے۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کے پاس 30 پولنگ اسٹیشنز پر قبضے کے ثبوت موجود ہیں اور جن پولنگ اسٹیشنز پر قبضے کی شکایات ہیں وہاں 99 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اس سیاسی جماعت سے نفرت کرتے ہیں جس کے وزیر نے راولاکوٹ کے شہریوں کو کشمیری نہ ہونے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ بحران کا حل پاکستان پیپلزپارٹی کے پاس موجود ہے۔

بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر ایک سچ اور مفاہمتی کمیشن تشکیل دیں جو تمام الزامات کی تحقیقات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کمیشن اپنی رپورٹ پیش نہ کرے، احتجاج مؤخر کیا جائے، اور اگر کمیشن وزیراعظم آزاد کشمیر کو ذمہ دار قرار دیتا ہے تو وہ احتساب کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مظفرآباد میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ چوہدری یاسین کو نئی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے ان کی نشست دلوائیں گے، جبکہ دیگر پیپلزپارٹی امیدواروں کی نشستوں کے معاملے کو بھی اسمبلی کی تشکیل سے قبل حل کرایا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تشدد اور بندوق کے زور پر الیکشن جیتنے والوں سے عوام نفرت کرتے ہیں، اس لیے دوسرے مرحلے کے انتخابات سے پہلے تمام شکایات کا ازالہ کیا جانا چاہیے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا