خضدار: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ بارودی مواد سے بھری 2 گاڑیاں بھی تباہ کر دیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کا بروقت سراغ لگا کر انہیں فوری اور مؤثر کارروائی کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں گاڑیوں کو آپریٹ کرنے والے 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔





