کراچی: نوجوان تاجر میر رضا علی کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی نئی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی عامر فاروقی کریں گے جبکہ ایس ایس پی آر آر ایف علی رضا کو کمیٹی کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی کے دیگر ارکان میں ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی قیص خان، ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل انعم تجمل اور ایس آئی او زمان ٹاؤن چوہدری غضنفر شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم میر رضا علی کی ہلاکت کے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرے گی اور شواہد کا جائزہ لے کر حقائق سامنے لائے گی۔
میر رضا علی کی قبرکشائی کے بعد تشکیل دی جانے والی نئی تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے، جس میں کیس سے متعلق دستیاب شواہد اور اب تک ہونے والی تحقیقات کا جائزہ لیا جائے گا۔





