لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے خلوص نیت سے تمام صوبوں کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت حاضر ہے، پنجاب سے سیکھنے والے پنجاب پر انگلی نہ اٹھائیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کام شروع کردیا ہے اور یہاں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سمیت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کے مطابق ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا علاج 100 فیصد مفت ہوگا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی گنجائش تیزی سے کم ہورہی تھی، جس کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے جناح کارڈیالوجی اسپتال قائم کیا۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز جلد نواز شریف کینسر اسپتال کا بھی افتتاح کریں گی، جو ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارڈیالوجی اسپتال سرگودھا کا منصوبہ بھی تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہے اور تمام صوبوں کی رہنمائی کے لیے خلوص نیت سے ہمیشہ تیار ہے، تاہم پنجاب سے سیکھنے والوں کو پنجاب پر تنقید کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔






