اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ان کی بہن نورین نیازی نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، جبکہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف عدالتوں ہی سے مل سکتا ہے۔
نورین نیازی ملاقات کے بعد فیکٹری ناکے پر پہنچیں تاہم انہوں نے میڈیا اور کارکنوں کے سوالات کا جواب نہیں دیا اور خاموشی سے روانہ ہوگئیں۔
اس موقع پر علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی بچوں سے ابھی تک بات نہیں کرائی گئی، جو توہین عدالت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کی ملاقات بھی نہیں کرائی گئی، یہ معاملہ بھی عدالت کے سامنے اٹھایا جائے گا۔
علیمہ خان نے کہا کہ وہ عدالت کے احکامات کے مطابق چل رہے ہیں اور انہیں معلوم نہیں کہ حکومت کو کس بات کا خوف ہے۔ ان کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر فیصل نے اپنے ساتھ پیش آنے والے معاملات سے متعلق بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام عدالتوں سے انصاف کی امید لگائے بیٹھے ہیں، ججز کی جانب سے قانون کے مطابق بات کرنے پر لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اگر عدالتیں انصاف فراہم نہیں کریں گی تو عوام کا اعتماد عدالتی نظام سے اٹھ جائے گا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دینے کا اختیار عدالتوں کے پاس ہے اور ان کی امید بھی عدالتوں ہی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات پر عمل ہونا چاہیے اور وہ انصاف دینے والے ججز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافی عمران خان سے ملاقات کے بعد سوالات کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔





