معصوم بچوں کی ہلاکت پر نواز شریف کا اظہار افسوس، ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ

0
363

اسلام آباد: پمز اسپتال میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے پر مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

نواز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پمز اسپتال میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر ان کا دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے سوگوار والدین اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔ حکومت کو چاہیے کہ واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جانے چاہئیں تاکہ کسی خاندان کو دوبارہ ایسے ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں علی الصبح آتشزدگی کے واقعے میں متعدد نومولود جاں بحق ہوئے۔ واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ ذمہ داروں کے تعین کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا