پشاور(طلوع نیوز) پی ٹی آئی سے منحرف اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کو شدید دھچکا پہنچا ہے، پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے مقابل نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا جس میں سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سمیت سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی۔
پرویز خٹک نے آج پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا ہے، جس میں پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا سابق وزیر اعلی محمود خان بھی پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے ان کے پاس پہنچ گئے۔ محمود خان پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کا حصہ بنیں گے، پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے ارباب وسیم بھی پرویز خٹک کے قافلے میں شامل ہوچکے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ، شوکت علی ، سابق ایم پی اے ارباب وسیم، سابق ایم پی اے ملک واجد بھی پرویز خٹک کے قافلے میں شامل ہوگئے۔ پی ٹی آئی کی تین سابق خواتین ممبران اسمبلی بھی پرویز خٹک کی جماعت میں شامل ہوگئیں۔
نئی جماعت میں سابق رکن صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر، کوہاٹ سے سابق صوبائی وزیر تعلیم ضیاءا للہ بنگش، سابق ایم پی اے احتشام جاوید، ڈاکٹر آسیہ سید، سابق ایم پی اے سومی فلک ناز بھی شامل ہوگئے۔
نئی پارٹی کے لیے پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے ان سے کہا کہ نئی پارٹی بنارہا ہوں اس میں شمولیت اختیار کریں جس پر ہشام انعام اللہ نے شکوہ کیا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے اور بعد میں میری حمایت نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے وقت مانگا اور کہا کہ سیف اللہ برادران سے مشورہ کرکے آپ کو آگاہ کروں گا۔





