عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے، چوہدری پرویز الٰہی

0
164

اسلام آباد(طلوع نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہےکہ شہبازشریف اور نوازشریف نے عوام کا جینا مشکل کردیا، اب کس منہ سے عوام سے ووٹ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف اور نوازشریف کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہوئی ہے، یہ دونوں ہی اصل میں لاڈلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور نوازشریف نے عوام کا جینا مشکل کردیا اور اب گیس کی قیمتیں دوبارہ بڑھ چکی ہیں، اس صورتحال میں شہبازشریف اور نوازشریف کس منہ سے عوام سے ووٹ لیں گے۔

صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو اتنے ووٹ پڑیں گے جس کی کوئی حد نہیں ہو گی، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے، ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں، الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ کے کہنے پر ملی ہے، اس الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو گی۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ خدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا، عمران خان میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ عمران خان سے ملاقات کرنے آتے ہیں۔

ادھر سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے اینٹی کرپشن کیس میں سیشن جج اور ہائیکورٹ کے جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

چوہدری پرویزالہٰی نے جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے، صدر پی ٹی آئی کی جانب سے عامر سعید راں نے اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے کیس سے ڈسچارج کیا اور مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کیا، تاہم سیشن جج اور لاہور ہائیکورٹ نے اپیل میں جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ دیا۔

صدر پاکستان تحریک انصاف کا اپنی پٹیشن میں کہنا ہے کہ جسمانی ریمانڈ بنیادی حقوق کے منافی ہے، جسمانی ریمانڈ سے جسمانی ذہنی تشدد اور زندگی کو خطرہ ہے، اس لیے سپریم کورٹ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا