Saturday, November 16, 2024
Google search engine

مقبول خبریں

اسحاق ڈار کی آمد مارکیٹ کے اشاریوں میں بہتری کا باعث،گورنر اسٹیٹ بینک

اسلام آباد۔(طلوع نیوز):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پائیدار اور موثر اقتصادی ترقی کے لیے مالیاتی اور مانیٹری پالیسی میں ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ فنانس ڈویژن کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی بحالی کے لئے کیے جانے والے مالیاتی اقدامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے زور دیا کہ پائیدار اور موثر اقتصادی ترقی کے لیے مالیاتی اور زری پالیسی میں ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ ملاقات میں ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے وزیر خزانہ کو وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وزیر خزانہ کی آمد کے ساتھ ہی روپے کی قدر میں اضافے سے مارکیٹ کے اشاریوں میں کافی بہتری آئی ہے
انہوں نے کہا کہ حکومت اور بینک کی جانب سے مسلسل کوششوں سے ان لوگوں پر مزید دباؤ بڑھے گا جو فارن ایکسچینج مارکیٹ میں ہیرا پھیری کر رہے تھے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے وزیر خزانہ کو پائیدار ترقی کے حصول کے لیے مالیاتی پالیسی کے مقاصد کے مطابق مختلف میکرو اکنامک پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے مطابق معاشی بحالی کے عمل کی حمایت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور وزیر خزانہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی بہترین عوامل کے مطابق اور پاکستان کے پہلے فوری ادائیگی کے نظام راست۔ ڈیجیٹل بینکنگ سسٹم متعارف کرانے پر اسٹیٹ بینک کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ملک کے مانیٹری استحکام اور معاشی ترقی کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔