صدر مملکت آصف علی زرداری نے برطانیہ کے نو منتخب وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نئی حکومت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ میں کیئر اسٹارمر کو برطانیہ کے انتخابات میں فتح پر مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ میں عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر سر کیئر اسٹارمر کو مبارکباد دی ہے۔
جمعہ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے لئے سر کیئر اسٹارمر کی دانشمندانہ اور قابل قیادت میں برطانیہ کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔






