Friday, November 15, 2024
Google search engine

مقبول خبریں

ایران اور حماس کا اسرائیل سے انتقام لینے کا اعلان

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کاجواب دیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ایرانی دارالحکومت تہران میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماس کے رہنما خلیل حیہ نے کہا کہ شہیداسماعیل ہنیہ نےاپنی پوری زندگی دین اور ملک کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی پوری زندگی نامساعد حالات اور مختلف ممالک میں گزری، ان کی شہادت کا جواب دیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
خلیل حیہ کا کہنا تھا کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

حماس رہنما کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ ایران میں کسی خفیہ مقام پر تھے اور نہ ہی لوگوں سے الگ تھلگ تھے، اسماعیل ہنیہ کی شہادت کو کسی بھی طرح انٹیلیجنس کامیابی قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔

خلیل حیہ نے بتایا کہ اسماعیل ہنیہ کو میزائل کی مدد سے شہیدکیا گیا، مکمل تحقیقات کےنتائج کا انتظار ہے، ہنیہ کےہمراہ موجود افراد کےمطابق میزائل کمرے کی کھڑکی توڑ کر سیدھا انہیں لگا۔

حماس رہنما نے کہا کہ اسرائیل پورے خطے کو آگ میں جھونک کر دنیا کو خطرے میں ڈال رہا ہے اسرائیل کوئی معاہدہ یا ڈیل نہیں چاہتا،صرف اپنی جنگی جارحیت جاری رکھنےکا خواہاں ہے۔

خلیل حیہ کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے تحریک مزاحمت کا قافلہ اپنا سفر جاری رکھے گا۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحتمی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد قُم میں انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرا دیاگیا۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ آج ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے۔

ایران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تین روز کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا سخت اور دردناک جواب دیا جائے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے۔

دوسری جانب میں انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرا دیاگیا۔ ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق ایران کے مذہبی اہمیت کے حامل اہم شہر قُم کی مسجد جُمکران میں ایرانی روایات کے مطابق انتقام کی علامت سرخ پرچم بھی لہرادیا گیا ہے