اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے خیبر پختونخوا کے مختلف متاثرہ اضلاع میں مدد پہنچائی جارہی ہے لیکن کچھ صوبائی وزرا کے بیانات افسوسناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 27 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کوئی بھی مسودہ یا تجاویز زیر غور نہیں ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ہر ویڈیو اشتہار میں بانی پاکستان اور علامہ اقبال کی تصویر شامل تھی، صرف ایک اخباری اشتہار پر سیاست کی گئی۔ کے پی حکومت نے اپنی مہم میں جناح اور اقبال کی تصویر شامل نہیں کی لیکن ہم نے اس پر سیاست نہیں کی۔
خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں اموات قومی سانحہ ہیں، وفاق متاثرہ اضلاع میں سپورٹ فراہم کر رہا ہے اور بیرسٹر سیف فیلڈ میں جا کر یہ سب دیکھ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ بارشوں، بادل پھٹنے اور سیلابی ریلوں کے باعث اب تک خیبر پختونخوا میں 328 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔





