یوکوہاما، جاپان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے جدید شہری ترقیاتی ماڈلز اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے جاپان کے تجربات سے سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مریم نواز اپنے وفد کے ہمراہ یوکوہاما کے تجارتی، معاشی اور ثقافتی مرکز کا دورہ کیا، جہاں ٹاؤن ہال میں انہیں اربن ڈویلپمنٹ کے جدید ماڈلز پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پنجاب اور یوکوہاما کے درمیان “سٹی ٹو سٹی” تعاون پر اتفاق کیا گیا، جس میں ماحولیات کے تحفظ، شہروں کی جدید منصوبہ بندی اور شہری سہولیات کی بہتری شامل ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سڑکوں اور عمارتوں کے تعمیراتی معیار کو جاپان کے برابر لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ دورے کے دوران راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) اور یوکوہاما کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
مزید برآں، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تیز رفتار ٹرین چلانے اور ریلوے اپ گریڈیشن میں جاپان کے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جدید ترین جاپانی چیئر لفٹ اور ایئر کیبن منصوبوں کا بھی معائنہ کیا۔
واضح رہے کہ ٹوکیو، کاواساکی اور یوکوہاما پر مشتمل “کن ہن ریجن” جاپان کا سب سے بڑا صنعتی زون ہے، جبکہ یوکوہاما آبادی کے لحاظ سے جاپان کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ مئی 2025 میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے یوکوہاما کو پورے ایشیا میں ماحولیاتی بہتری کے حوالے سے سب سے ترقی یافتہ شہر قرار دیا۔






