
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے عالمی شہرت یافتہ ہسپتال “نیشنل سنٹر فار گلوبل ہیلتھ” کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جاپان میں رائج جدید صحت و علاج اور ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم کو پنجاب میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید ہائی ٹیک جاپانی مشینری، طبی آلات اور جدید طریقہ علاج پنجاب کے سرکاری صحت کے نظام میں نافذ کیے جائیں گے۔ نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کو بھی جاپان کے ہیلتھ سسٹم کی طرز پر بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں، پنجاب میں بھی جاپانی ماڈل کے مطابق ہیلتھ انشورنس کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے وفد کو ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے جاپانی طریقہ علاج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور جاپانی تحقیق سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے، فراہم کردہ سہولیات اور مشینری کا جائزہ لیا اور جاپانی ماہرین طب سے ملاقات کی۔





