گلگت بلتستان: حکومت گلگت بلتستان نے ضلع دیامر کی 20 وادیوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ضلع غذر میں کئی بند مقامات بحال کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں رابطہ بحال ہو سکے۔
اسکردو میں شاہراہِ بلتستان پانچ روز بعد ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی ہے۔ یہ شاہراہ استک نالہ اور باغیچہ پل کے بہہ جانے کے باعث بند ہوئی تھی، جس سے علاقے کا زمینی رابطہ متاثر ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق، پاک فوج، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کے اہلکار اعلیٰ عسکری اور سول قیادت کی نگرانی میں دن رات کام کرتے ہوئے صرف 24 گھنٹوں میں راستہ بحال کرنے میں کامیاب ہوئے۔
سڑک کھل جانے سے اسکردو اور دیگر علاقوں کے درمیان زمینی رابطہ دوبارہ قائم ہو گیا ہے۔ اب مسافر اور مال بردار گاڑیاں محفوظ اور آسانی کے ساتھ اس شاہراہ سے گزر سکتی ہیں، جس سے مقامی لوگوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوئی ہے اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں بھی بہتری آئی ہے۔






