بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے نیا برونکو ٹیسٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ برونکو ٹیسٹ رگبی کھلاڑیوں کے فٹنس معیار کو پرکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے اور اب اسے کرکٹ کھلاڑیوں پر بھی نافذ کیا جائے گا۔
اس ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو بغیر رکے 20، 40 اور 60 میٹر کی شٹل رنز مکمل کرنے کے لیے پانچ سیٹ لگانے ہوں گے، اور ٹیسٹ مکمل کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ 6 منٹ دیے جائیں گے۔
BCCI کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ایڈریئن لی روکس کے مطابق، اس ٹیسٹ کا مقصد فاسٹ بولرز کی جم پر محدود ٹریننگ کی بجائے زیادہ رننگ کے ذریعے فٹنس بہتر بنانا ہے۔ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی اس ٹیسٹ کے حق میں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برونکو ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد نافذ کیا جائے گا، جبکہ کچھ کھلاڑی پہلے ہی BCCI کے سینٹر آف ایکسیلینس میں اس ٹیسٹ میں حصہ لے چکے ہیں۔ یاد رہے کہ اس کے علاوہ یو یو ٹیسٹ بھی جاری ہے، جس میں کھلاڑیوں کو مقررہ وقت میں 2 کلومیٹر دوڑ مکمل کرنی ہوتی ہے۔






