اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کی ملاقات ہوئی۔ صدر زرداری نے چین کے ساتھ ’’فولادی بھائی چارے‘‘ کے عزم کی تجدید کی اور کہا کہ پاکستان اور چین آزمودہ دوست اور ہر موسم کے شراکت دار ہیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، اور چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی حمایت کی ہے۔
ملاقات کے دوران صدر زرداری نے بیجنگ اور گانسو میں سیلاب پر چین سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ سی پیک پاک-چین مشترکہ وژن کی تکمیل کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2026 میں پاک-چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ شایانِ شان منائی جائے گی۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی نسل در نسل قائم ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔






