چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ چین اپنی ہمسایہ ڈپلومیسی میں پاکستان کو ترجیح دینا جاری رکھے گا اور پاکستان کو اپنا قابل اعتماد اتحادی تصور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں اور فریقین کو کثیرالجہتی تجارتی نظام کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
وانگ ژی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں کہا کہ چین سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے اور پاکستان کے علاقائی اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور صنعتی، زرعی اور کان کنی کے شعبوں میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہو رہی ہے، تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا رہا ہے اور علاقائی امن و استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے منتظر ہونے کا بھی اعلان کیا۔
پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک سمیت پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے چین کے عزم کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سی پیک فیز 2، عوامی سطح پر روابط اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں، اور سلامتی کونسل سمیت مختلف فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رہے گی۔






