ترک خاتونِ اوّل امینہ اردوان نے امریکی خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کا شکار غزہ کے بچوں کے لیے آواز اٹھائیں۔ ترک میڈیا کے مطابق امینہ اردوان نے اپنے خط میں لکھا کہ غزہ بچوں کا قبرستان بن چکا ہے، جہاں ہر گھنٹے 6 بچے اور 5 خواتین شہید ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے ہزاروں بچوں کے کفن پر لکھا ہوا ’نامعلوم بچہ‘ ہمارے ضمیر پر نہ بھرنے والا زخم ہے۔ امینہ اردوان کا کہنا تھا کہ میلانیا ٹرمپ نے یوکرین کے بچوں کی وکالت کی، امید ہے کہ وہ غزہ کے بچوں کے لیے بھی حساسیت کا مظاہرہ کریں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں مل کر غزہ میں جاری ناانصافی کے خلاف اپنی آواز اور طاقت کو متحد کرنا ہوگا۔






