وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے رہائشی وصیت خان کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے گلوف کی بروقت اطلاع دے کر سیکڑوں افراد کی جانیں بچائیں۔ وزیراعظم نے ریسکیو ٹیموں کی کاوشوں کو بھی سراہا اور این ڈی ایم اے و ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ زیریں علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی بھرپور تیاری رکھی جائے اور دریاؤں و ندی نالوں کے گرد غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے قومی سطح پر مہم چلائی جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد قومی فریضہ ہے، متاثرین تک ہر صورت امدادی سامان پہنچایا جائے اور ریسکیو کے بعد بحالی کا عمل بھی فوری شروع کیا جائے۔






