لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی مرکز رائیونڈ کا دورہ کیا اور تبلیغی جماعت کے اکابرین مولانا محمد احمد بٹلر، مولانا عبید اللہ خورشید اور ڈاکٹر سلیم سمیت دیگر شخصیات سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نومبر میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے تبلیغی جماعت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ممالک سے آنے والے مہمانوں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور ویزوں سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہمان ہمارے لئے معزز ہیں اور ان کے لئے ہر سطح پر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وہ ہر سال اجتماع میں شریک ہوتے ہیں اور اس بار بھی انشا اللہ شریک ہوں گے۔
اس موقع پر مولانا محمد احمد بٹلر نے کہا کہ ہم سب نے اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹ کر جانا ہے، لہٰذا دین اور انسانیت کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات بنانا چاہیے کیونکہ کامیابی اسی راستے پر ہے جو اللہ نے بتایا ہے۔






