پاکستان اور بنگلادیش میں تعلقات کے فروغ پر اتفاق، متعدد معاہدوں پر دستخط

0
150

ڈھاکہ: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے ایڈوائزر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین سے ڈھاکا میں اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطح مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور علاقائی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت میں اعلیٰ سطحی روابط، عوامی سطح پر تعلقات، ثقافتی تبادلے، تعلیمی و تربیتی منصوبے اورانسانی بنیادوں پر تعاون پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر بھی زور دیا گیا

وزارت خارجہ کے مطابق یہ مذاکرات خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئے جو پاکستان اور بنگلادیش کے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار کے اعزاز میں بنگلادیشی ایڈوائزر نے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔

اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے تجارت شیخ بشیرالدین سے بھی ملاقات کی جس میں تجارت بڑھانے اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیرِ تجارت جام کمال خان بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران کئی معاہدوں اور یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔ ان میں سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری انٹری، فارن سروس اکیڈیمیز کے درمیان تعاون، انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) اور بنگلادیش اسٹریٹجک اسٹڈیز انسٹیٹیوٹ کے درمیان شراکت داری شامل ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی معاہدہ ہوا۔


ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا