وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان ریلویز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور وزیر ریلویز حنیف عباسی کی صدارت میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ملک بھر خصوصاً بلوچستان میں ریلویز لائنز اور ٹرینوں کی سکیورٹی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ریلویز کی اراضی پر تجاوزات کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کیا جائے گا، جس میں نیشنل کونسٹیبلری اور ریلویز پولیس حصہ لیں گی جبکہ ایف سی بھی مکمل تعاون کرے گی۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ٹریکس اور ٹرینوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا اور ریلویز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے حنیف عباسی کے اقدامات کو سراہا۔
وزیر ریلویز حنیف عباسی نے تجاوزات کے خاتمے میں فیڈرل ریزرو پولیس کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ، آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔





