پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے والد میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 129 لاہور سے ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ یہ فیصلہ انہوں نے اپنی والدہ کی ہدایت پر کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد مرحوم نے 82 برس کی عمر میں آخری الیکشن لڑا تھا، اس دوران پولیس نے انہیں ہراساں کیا، گرفتار کیا اور ان کے گھر پر متعدد بار چھاپے مارے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ اپنے والد کے اکلوتے بیٹے اور خاندان کے واحد وارث ہیں، اس لیے وہ اپنی والدہ کو ایک اور صدمے سے نہیں دوچار کرنا چاہتے۔
حماد اظہر نے مزید کہا کہ ان کا “فارم 47 والی پارلیمنٹ” کا حصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں۔ تاہم اگر تحریک انصاف بائیکاٹ نہ کرے تو ان کے کزن ارسلان ظہیر کو ضمنی انتخاب میں اتارا جائے۔






