پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ پاور حکام کے مطابق سوات، شانگلہ اور بونیر میں 292 ٹرانسفارمرز اور 49 فیڈرز کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 لاکھ 12 ہزار صارفین کی بجلی بحال کردی گئی، تاہم اب بھی 87 ہزار صارفین بجلی سے محروم ہیں۔
پشاور میں 33 فیڈرز مکمل بحال اور 9 جزوی بحال کیے گئے، جبکہ 7 فیڈرز بدستور خراب ہیں، جس سے 2 لاکھ 99 ہزار صارفین متاثر ہوئے۔
صوبے میں بجلی کی بحالی کے لیے 10 تکنیکی ٹیمیں اور 87 فیلڈ اہلکار کام میں مصروف ہیں۔ اب تک 481 پولز اور 55 فیڈرز کی مرمت جاری ہے جبکہ بونیر اور سوات کے بڑے اسپتالوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب سے پیسکو کو مجموعی طور پر 16 کروڑ 42 لاکھ 77 ہزار روپے کا نقصان ہوا، جس میں صرف سوات میں نقصان کی مالیت 5 کروڑ 36 لاکھ 46 ہزار روپے ریکارڈ کی گئی۔






