چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماضی میں سندھ حکومت کے ساتھ بانی پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کی حکومتوں کا رویہ مثبت نہیں رہا۔
لاڑکانہ میں چنگچی اور لوڈر رکشہ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی خواتین کو خود مختار بنانا چاہتی ہے، جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو وفاق کے تعاون کے بغیر ممکن نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاروں کو ضلع کونسل کے ذریعے چنگچی اور لوڈر رکشے دیے جا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ انہیں ملنے والا نشانِ امتیاز وہ لاڑکانہ کے عوام کے نام کرتے ہیں۔ نوڈیرو اور رتوڈیرو کے عوام نے ہمیشہ بھرپور حمایت کی، اسی لیے ترقیاتی فنڈز بھی لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ کے عوام کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔





